Showing posts with label how to make money from soap manufacturing?. Show all posts
Showing posts with label how to make money from soap manufacturing?. Show all posts

Wednesday, September 15, 2021

نہانے والا صابن بنا کر پیسے کیسے کمائیں؟ حصہ سوم ۔۔۔صابن سازی کے پوشیدہ رازHow to earn money from soap making? Part 3 Urdu

نہانے والا صابن بنا کر پیسے کیسے کمائیں؟

حصہ سوم    ۔۔۔صابن سازی کے پوشیدہ راز

نہانے والا صابن بنا کر پیسے کیسے کمائیں؟  حصہ سوم    ۔۔۔صابن سازی کے پوشیدہ راز
نہانے والا صابن بنا کر پیسے کیسے کمائیں؟  حصہ سوم    ۔۔۔صابن سازی کے پوشیدہ راز

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ و مغفرتہ!

دوستو! حضرت عبداللہ بن عمرورضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے نبی کریم حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وعلیٰ آلہ واصحابہ وسلم سے عرض کیا:اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وعلیٰ آلہ واصحابہ وسلم! کون سااسلام سب سے اچھا ہے؟آپ صلی اللہ علیہ وعلیٰ آلہ واصحابہ وسلم نے فرمایا: کھانا کھلانا، سلام کرنا،ہر شخص کو چاہے تم اس کو پہچانتے ہو یا نہیں پہچانتے۔

                   (سنن ابو دائود:5194، سنن نسائی:5003، سنن ابن ماجہ:3255، مشکوٰۃ المصابیح:(4528

پیارے دوستو! ہم ہرکسی کو کھانا تو نہیں کھلا سکتے لیکن ایسے کام ضرور کرسکتے ہیں جن کی بدولت ہر کوئی آسانی سے نہ صرف خود کھانا(نہایت اچھاکھانا) حاصل کر سکے بلکہ دوسروںکوبھی کھانا مہیا کرسکے۔یہ پوسٹ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس سے خود بھی فائدہ اٹھائیں اوردوسروں کو فائد ہ پہنچائیں۔

26۔بیروزہ اگر کسی فارمولے میں شامل ہوتواسی تیل میں سے کچھ لے کر بیروز ہ پگھلا کر شامل کریں۔

27۔آج کل ہر چیزمیں ملاوٹ کی جارہی ہے۔ تیل ،بدبودار اور پرانے ملاوٹ والے خرید کر تیار کرنے پر خراب مال تیارہوگا۔

28۔سوڈا سلی کیٹ، 50 ڈگری سے کم کا استعمال کرنا غیر مفید ہے۔

29۔رنگ جس چیز میں حل ہو نے والا ہو، اس کو دیکھ لیں اورحل کرنے کے بعد کپڑے سے چھان کر شامل کریں۔ بعض تیل پانی میں اور کچھ تیل یا سپرٹ میں حل ہوتے ہیں۔

30۔قوام ٹھنڈا ہونے کے بعد خوشبو ملانابہتر ہے۔

31۔ہائیڈرومیٹر کے ذریعہ لائی کی ڈگری دیکھ لینا ضروری ہے تاکہ غلطی نہ ہوسکے۔

32۔ہمیشہ اشیا وزن کرکے ڈالنا لازمی ہے۔ اندازہ سے کام کرنا نقصان دہ ہوتاہے۔

33۔صابن کا قوام اچھی طرح پک جانے کے بعد فریم میں بھریں ورنہ صابن میں خامی رہتی ہے۔

34۔انگریزی صابن میں صرف2 فی صدقوام میں چینی یا کھانڈ گرم پانی میں حل کرکے ملا دینے سے صابن جلد پر نہیں لگتا۔ یا ایک فی صدی تیل ارنڈ یا تیل ناریل قوام میں ملا کر اچھی طرح یک جان کردینے سے یہ خامی دور ہو جاتی ہے۔ سوڈا لائی مقدار سے زیادہ ہوتو یہ نقص ہوتاہے۔

35۔چربی ، بیروزہ ، تیل مہوا ، تیل نیم وغیرہ صابن کے قوام کو سخت کرتے ہیں۔تیل تل، السی ، مونگ پھلی اور تیل ناریل قوام کو پتلا کرتے ہیں۔

نہانے والا صابن بنا کر پیسے کیسے کمائیں؟حصہ اول۔اس پوسٹ کو پڑھنے کے لیے دیے گئے لنک پر کلک کریں:

https://amizonetheworldofknowledge.blogspot.com/2021/06/blog-post.html

ایسے صابن جن میں تیل کی مقدار سے آدھی لائی نمبر35یا36 شامل کی گئی ہواور جو سرد طریقہ پر خالص صابن بنایاگیا ہو، یا سوپ اسٹون کی ملاوٹ والا ہو،اس میں 60فی صدی قوام کو گاڑھا کرنے والے تیل اور40 فی صدی قوام کو پتلا کرنے والے  مختلف تیل ملا کر صابن تیار کیاجائے تو قوام درست تیارہوگا۔ یہ طریقہ ان ہی صابنوں کے لیے مفید ہوسکتا ہے جن میں گرٹ پوڈر، نم، پانی شامل کیاگیاہو۔

36۔اگر درست طریقہ پر تیل لائی یک جان نہ ہوں اور کیمیکل ایکشن برابر نہ ہونے کی وجہ سے خرابی پیدا ہو تو تیلوں کا25 فی صد ی سلی کیٹ سوڈا برابر وزن کے گرم پانی میں ملا کر دھار باندھ کر ڈالتے اور گھوٹتے جانے سے صابن کا قوام اس کے ملنے پر درست ہوجاتا ہے یا دھوبی سوڈا پانچ فی صدی تک دُگنے گرم پانی میں ملا کر بدستور ملا کر یک جان کرلیں نقص دور ہوگا اور مال عمدہ ہوگا، نقصان نہ ہوگا۔

37۔تیل سے برابر والے سلی کیٹ کے صابن میں لائی نمبر35یا 36دس فی صدی ملا دیں تو صابن سخت ہوگا۔ زیادہ نرمی نہ رہے گی۔

38۔ارنڈی کے تیل کو جملہ تیلوں کا دس فی صدی حصہ ملانے سے چمکدار تیار ہوتاہے۔ اس کا زیادہ استعمال صابن کو نرم کردے گا۔

39۔صابن کا قوام زبان سے لگا کردیکھیں۔ مزا میٹھا ہوتو لائی مقدار سے کم ، کھارا مزا ہوتو لائی مقدار میں زیادہ تصور ہوگی۔زیادہ ہوتو کچھ تیل تھوڑا شامل کردینا درست ہے۔ اگر لائی کم ہوتو تھوڑی تھوڑی لائی شامل کرکے ٹیسٹ کرلیں۔ جب مزا صابن کا برابر ہوتو تیار شدہ صابن فریم میں بھرکر 24گھنٹے کے بعد نکال کر کاٹ کر ٹکیہ چھاپ لیں۔ صابن کو جھاگ دار بنانے کے  لیے بورک ایسڈ، بلیچنگ پوڈر وغیرہ لائی میں ملا کر شامل کرتے ہیں جس کا ذکر فارمولوں میں مفصل ہوگا۔

40۔سرد طریقہ پر جو صابن تیارہوتاہے، اس میں لائی تیل میں دھار باندھ کر شامل کی جاتی ہے نہ کہ لائی میں تیل، گرم طریقہ اس کے برعکس ہوگا۔

41۔موسم گرما میں بہ نسبت موسم سرما کے لائی کا بڑھا لینا ضروری ہے۔ مثلاً: لائی نمبر25ہوتو نمبر26 ، اور نمبر35یا36 ہوتو 37یا38کرلیں۔

42۔لائی بنانے کے لیے لوہے یا ٹن کے برتن استعمال کریں، جست یا المونیم کے برتن فوراً سوراخ دار ہوجاتے ہیں۔ سوڈا کاسٹک کو پانی میں شامل کرکے اچھی طرح لوہے کی سلاخ وغیرہ سے ہلا کر رکھ دیں اور دوسرے روز لائی اچھی طرح ٹھنڈی ہونے پر صابن بنانے میں استعمال کریں۔

43۔ہائیڈرو میٹر سے دیکھنے کے بعد معلوم ہوکہ لائی کا درجہ کم ہے تو مزید کاسٹک سوڈا حل کریں یا آگ پر رکھ کر گرم کرکے حسب منشا ڈگری کی لائی تیار کرلیں۔ اگر درجہ حرارت زیادہ ہوتو کچھ صاف پانی ملا کر ٹیسٹ کرلیں۔ لائی ہمیشہ ٹھنڈی استعمال کریں۔

44۔نر دل صابن تیار کرنے کے لیے اس کی تیزی ( سائیفین نلی ، اس قسم کی لوہے کی ٹیڑھی نالی کے ذریعہ نکال لینے کے بعد ) صابن تیار کیاجاتا ہے جس کا مفصل طریقہ ترکیب کے ساتھ درج کیاگیا ہے۔

45۔اگر صابن کے وزن کاایک فی صدی ’’ٹرائی سوڈیم فاسفیٹ ‘‘ تھوڑے پانی میں ملا کر سلی کیٹ ملاتے وقت شامل کردیں تو سلی کیٹ اچھی طرح صابن میں حل ہوجائے گااورنیچے نہ بیٹھے گا اور رنگ بھی اچھا ہوگا۔

46۔ہائیڈرو میٹر، شیشے کی بند نلکی سے ملتی ہے جس پر درجے ہوتے ہیں۔جس کے ذریعے لائی کا درجہ دیکھاجاتا ہے۔ اوپر باریک اور پیندے میں گولائی رہتی ہے۔ ستر تک نشان ہوتے ہیں۔ایک گلاس یا شیشے یاٹن میں جو لمبائی میں اس آلہ سے لمبا ہو ا ور کھلے منہ کا ہو، تیار لائی بھردی جاتی ہے اور اس کے اندر ہائیڈرو میٹر ڈال کر ڈگری دیکھی جاتی ہے۔ یہ پلہ لائی میں سیدھا کھڑا رہتاہے( اوپر نلکی رہتی ہے اورنیچے گولائی جس میں پارہ یا وزنی چیز رہتی ہے)۔

نہانے والا صابن بنا کر پیسے کیسے کمائیں؟حصہ دوم۔ اس پوسٹ کو پڑھنے کے لیے دیے گئے لنک پر کلک کریں:

https://amizonetheworldofknowledge.blogspot.com/2021/08/how-to-earn-money-from-soap-making-part.html

47۔سلنڈر، یہ بھی شیشے کا برتن ہوتاہے اس پر بھی ایک طرف نشانات ہوتے ہیں جس کے ذریعہ پانی یا دیگر سیال اشیاء کو ناپاجاتا ہے۔ نیزاسی میں لائی ڈال کر اس میں ہائیڈرو میٹر ڈال دیتے ہیں اورڈگری معلوم کرلیتے ہیں۔

48۔سوپ کٹنگ مشین یا صرف تار۔ صابن جمانے کے فریم ، ٹکیہ چھاپنے کی مشین، ٹھپہ یعنی ڈائی وغیرہ بھی ضروری ہیں۔ پرکار، پیمانہ، لکڑی، کا مشد صابن گھوٹنے کے لیے۔ کڑاہی لوہے کی صا بن پکانے کے لیے، کھرچنے ، چند کنسترٹن یا لوہے کے بھی لازمی ہیں۔ بغیر ان کے کام نہ چلے گا۔

49۔بغیر ہائیڈرو میٹر مختلف ڈگری کی لائی تیار کرنے کا آسان طریقہ۔ مگر ہائیڈرو میٹر کا ہونا مناسب ہے۔

نمبر شمار……..…سوڈاکاسٹک……………………………پانی……………………………………………… ڈگری نمبر

۱۔ ……..……….   ایک سیر …………………..…  ایک سیر ۱۴ چھٹانک………………………………۴۰ درجہ کی لائی ہوگی۔

۲۔ ………………… ایک سیر……………………………… دو سیر   …………………………………………۳۹ درجہ کی لائی ہوگی۔

۳۔ ………………. ایک سیر…………………..…. دو سیرایک چھٹانک ……………………………….۳۸درجہ کی لائی ہوگی۔

۴۔ …………….. ایک سیر………………………. دو سیر۲ چھٹانک…………………………………….۳۷درجہ کی لائی ہوگی۔

۵۔……………….. ایک سیر…………………….. دو سیر۳ چھٹانک…………………………………….۳۶درجہ کی لائی ہوگی۔

۶۔ ………………. ایک سیر……………………… دوسیر ۴ چھٹانک………………………………….۳۵درجہ کی لائی ہوگی۔

۷۔……………….. ایک سیر…………………….. دو سیر۶ چھٹانک…………………………………..۳۴درجہ کی لائی ہوگی۔

۸۔…………………ایک سیر……………………… دو سیر۸ چھٹانک…………………………………..۳۳درجہ کی لائی ہوگی۔

۹۔…………………… ایک سیر……………………….. دو سیر۱۲ چھٹانک…………………………….۳۲ درجہ کی لائی ہوگی۔

۱۰۔………………… ایک سیر…………………………. تین سیر………………………………………..۳۱ درجہ کی لائی ہوگی۔

۱۱۔…………………. ایک سیر……………………….. تین سیردو چھٹانک………………………….۳۰درجہ کی لائی ہوگی۔

۱۲۔…………………. ایک سیر………………………. چار سیر۴ چھٹانک……………………………۲۵درجہ کی لائی ہوگی۔

۱۳۔……………….. ایک سیر………………………..۵ سیر۱۲ چھٹانک………………………….۲۰درجہ کی لائی ہوگی۔

۱۴۔……………….. ایک سیر………………………… چھ سیر……………………………………………۱۸درجہ کی لائی ہوگی۔

۱۵۔…………………. ایک سیر……………………….  آٹھ سیر………………………………………..۱۵درجہ کی لائی ہوگی۔

۱۶۔………………….. ایک سیر………………………. بارہ سیر………………………………………..۱۱/۱۰درجہ کی لائی ہوگی۔

۱۷۔…………………. ایک سیر……………………….۳۰ سیر………………………………………۵درجہ کی لائی ہوگی۔

چنگ چی چلاکر پیسے کیسے کمائیں؟ اس پوسٹ کو پڑھنے کے لیے دیے گئے لنک پر کلک کریں:

https://amizonetheworldofknowledge.blogspot.com/2021/09/how-to-make-money-from-chingchi-urdu.html

نوٹ:   اگر اس سے کم درجہ حرارت کی لائی بنانی ہوتو پانی کی مقدار زیادہ کرنی ہوگی مگر عام طورپر غیر ضروری ہے۔پانی ملانے کے بعد جب لائی تیارہوتو ہائیڈرو میٹر سے ٹیسٹ کرلینا لازمی ہے۔

اہم بات :

 صابن میں رنگ ملانے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ رنگ میں کھولتا ہوا گرم پانی ڈال کر دو تین منٹ کے بعد جب یک جان ہو جائے تو کپڑے سے چھان کر رنگ کو تیل میں ملا دینا چاہیے۔ آئل کلر میں کام آسکتے ہیں۔ آئل کلر حسب ضرورت لے کر ایک پاؤتیل میں ایک تولہ یا کم آئیل کلر حل کرکے رکھ لیا جاتاہے۔ جب صابن بنایا جاتا ہے اس وقت تیلوں میں شامل کردیا جائے۔

نوٹ: خوشبو صابن میں اس وقت ڈالی جائے جب کہ قوام زیادہ گرم نہ رہے۔( گرم طریقہ میں)۔

٭      سرد طریقہ پر جو صابن تیارہوتاہے اس میں خوشبو اس وقت ڈالی جائے جب کہ قوام گاڑھا ہوجائے اورفریم میں بھرنے کے قریب ہو۔

٭      خشک خوشبو کو باریک پیسیں اور چھان کر شامل کریں۔

٭      خوشبو یات کی بوتل ہمیشہ بندرکھیں۔ کھلی نہ رکھیں۔

50۔تیلوں کے مجموعے سے جو صابن تیار کیاجاتا ہے وہ عمدہ اور سستا بھی ہوتاہے۔ اگر مجموعہ کی مقدار میں ایک ہی تیل استعمال کیاگیا تو صابن اتنا عمدہ تیار نہیں ہوتا جتنا کہ مجموعہ تیل کا ہوتا ہے۔

51۔کپڑے دھونے کا صابن جو تیل سے دگنا ہو وہ بڑھیا اڑھائی یا تین گنا ہ ہو وہ درمیانہ جو چار گنا ہو، وہ گھٹیاہوتا ہے۔ اس سے زیادہ دس گنا تک بازاری نکما صابن ہوتاہے۔ گھٹیاصابن میں پانی کی مقدار کافی زیادہ رہتی ہے۔ اس کوجذب کرنے کے لیے دھوبی سوڈا ، نمک، لائی وغیرہ کی مقدار حد سے زیادہ رہتی ہے۔ جیسے جیسے پانی خشک ہوتا جائے گا ویسے ہی صابن بدنما، سفیدی  لیے ہوئے سخت پتھر کی مانند ہوگا۔ زیادہ سے زیادہ جو صابن تیل سے چار گنا تک کا تیار ہو، اس پر سفیدی نہیں آتی اور تیل سے 5گنا جو صابن تیارہوگا، اس پر معمولی سفیدی آئے گی ۔ اس سے گھٹیا صابن درحقیقت صابن کہلانے کے مستحق ہرگز نہیں ہوسکتے، ان کو ’’واٹر سوپ‘‘ کہتے ہیں۔

52۔اگر صابن تیل سے½ 2گنا تیار ہونے کے بعد بھی سفیدی نمودارہوتو سمجھو لیںکہ وہ نسخہ غلط ہے۔ اس میں نمک ا ورلائی کی مقدار زیادہ ہے۔

53۔تیل ناریل کے لیے لائی نمبر36-35 چربی وغیرہ کے لیے اوزان بتلا دیئے گئے نوٹ کرلیں۔ ایک سیرتیل میں جتنا پانی ڈالا جاتا ہے۔ اس کا (پانی کا)1/8 حصہ سے¼حصہ تک نمک ڈالنا بہتر ہے۔ زیادہ سے زیادہ 1/8 حصہ لائی اور 1/8 حصہ نمک ہو، مگر کم ڈالنا اچھا ہے۔ دھوبی سوڈا پانی زیادہ جذب کرتا ہے مگر جلد سفیدی کی شکل میں نمودارہوجاتا ہے۔ اس  لیے گھٹیا صابن میں ڈالاجائے۔ اگر شامل کرنا ضروری ہوتو تیل کا 1/12 حصہ ہو۔ اگر اس مقدار سے زیادہ ہو تو سفیدی آ جاتی ہے۔

54۔سجی وچونہ سے لائی بنا کر استعمال کرنے سے بہتر ہے کہ خود سوڈا کاسٹک تیار کرکے استعمال کریں۔سوڈا کاسٹک تیار کرنے کا طریقہ مندرجہ ذیل ہے:۔

کپڑے اور چمڑے کے ٹکڑوں سے چیزیں بنا کر پیسےکیسے کمائیں؟ اس پوسٹ کو پڑھنے کے لیے دیے گئے لنک پر کلک کریں:

https://amizonetheworldofknowledge.blogspot.com/2021/08/how-to-earn-money-from-clothes-and.html

واشنگ سوڈا دس سیر ، ان بجھا چونا۔ اسیر۔۔۔۔ اس کی ترکیب یہ ہے کہ ایک لوہے کے ڈرم میں ڈال کراس میں20سیر صاف پانی ملادیں اور حل کرلیں۔ دوسرے برتن میں چوناڈال کر5سیر پانی کے چھینٹوں سے چونا بجھا لیاجائے۔ بعدمیں اس میں15سیر صاف پانی شامل کردیں اور حل کرکے سوڈا والے ڈرم میں ڈال کر ملادیں۔ دونوں لوشن ملتے ہی ایکشن ( ابال) آئے گا۔ جب بند ہوکر لائی ٹھنڈی ہو جائے تو مزید دس سیر پانی اور ڈال کرخوب ہلادیں۔ لوہے کی کسی چیز سے پانچ یا چھ مرتبہ گھنٹہ آدھ گھنٹہ کے بعد ہلا دیا کریں۔ دوسرے روزجب پانی اچھی طرح نتھر آوے تو یہ پانی احتیاط سے علیحدہ کرلیں۔ اس لائی ( نتھرے ہوئے پانی) کا نمبر16 ہوگا۔ بعدمیں دوبارہ ڈرم میں اور 30سیر پانی ملا کر بدستور 12گھنٹہ رکھ دیں اور ویسا ہی صاف نتھرا ہواپانی علیحدہ کرلیں، اس لائی کا نمبر9/10 ہوگا۔ تیسری مرتبہ بارہ اور20سیر پانی ملا کر بدستور رکھ دیں۔بارہ گھنٹے کے بعد صاف پانی علیحدہ کرلیں۔ اس لائی کا نمبر5 ہوگا۔ اب لائی نمبر16 ، لائی نمبر9/10 اورلائی نمبر5 تینوں کو ملا کر لوہے کی کڑاہی میں ڈال کر آگ پر پکائیں۔ جوں جوں پانی بھاپ بن کر اڑے گا، لائی کا درجہ حرارت بھی بڑھتا جائے گا ۔ جس درجہ حرارت کی لائی درکارہو، ہائیڈرومیٹر سے ٹیسٹ کرکے صابن میں استعمال کریں۔ لائی کا ڈرم کھلا نہ رکھیں ورنہ درجہ حرارت کم ہوجائے گا۔

55۔صابن تیار کرنے کی ضروری اشیاء( کیمیکل) تھوک خرید کر استعمال میں لائیں۔تھوڑ ی تھوڑی مقدار پر خرید کر فیکٹری چلانا نقصان دہ ہوتاہے اور کافی مہنگا بھی۔

56۔کسی کی نقل کرنایا گھٹیا مال تیارکرکے کامیابی کی امید رکھنا فضول ہے۔ اس لیے ہمیشہ بہتر مال تیار کرنا مناسب ہے۔

57۔یہ فن بغیر استادکے بھی حاصل کیاجاسکتا ہے۔ صرف تل کی اوٹ پہاڑ ہے اوربس!اگر کسی میں تھوڑی بھی سمجھ بوجھ ہواوروہ غور سے کام کرے تو ایک بہترین صابن ساز ہوسکتا ہے۔

صابن کے رنگ

بسنتی رنگ:

 لال کسیس جس کو بائی کرومیٹ آف پوٹاس کہتے ہیں۔ پھٹکری 2ماشہ، نمک سادہ3ماشہ ، سب علیحدہ علیحدہ پیس کر ملالیں اور صابن میں حسب ضرورت استعمال کریں۔

صابن کا سبز رنگ:

 نیلا تھوتھا 3تولہ، بائی کرومیٹ آف پوٹاس ایک تولہ، ترکیب مذکورہ بالا ۔

نیلا تھوتھا کے عوض رنگ نیلا اصلی 4ماشہ پانی میں حل کرکے لائی میں ملا کر صابن میںشامل کر دیں۔

نوٹ: صابن کے رنگ اور خوشبو یات عام طورپر بازارمیں دستیاب ہوتی ہیں جو مناسب سمجھیں صابن میں استعمال کریں۔

خوشبویات

ہر قسم کے شیو نگ سوپ کے لیے ( انگریزی صابن کے لیے)

سٹرونیلا آئیل، آئیل آف لیمن،آئیل آف نرولی ہر ایک 1½ اونس، آئیل آف کیشیا، مشک زائی لال ہر ایک 1¼ اونس، آئیل آف برگا موٹ اور آئیل آف لونڈرہر ایک 5اونس سب کو ملا لیں۔ ایک ہفتہ کے بعد قابل استعمال ہے۔ صابن سازی میں مستعمل بیسیوں خوشبویات کے کمپونڈ ہیں۔بہتر ہے کہ کسی معتبر فرم سے طلب کرکے کام میں لادیں۔

درد مندانہ اپیل

پیارے دوستو!کوویڈ19،کمر توڑ مہنگائی ، بے روزگاری اور دیگر معاشی پریشانیوں کی وجہ سے ہر کوئی پریشان حال ہے۔ آپ خود بھی اس پوسٹ میں فراہم کی گئی معلومات سے استفادہ حاصل کریں اوراس پوسٹ کو Facebook, WhatsApp, Twitter, LinkedIn, Instagram, Telegram, Messenger, imoوغیرہ پر شیئرکر کے دوسرے دکھی و پریشان حال انسانو ں کی بھی مدد کریں ۔ یاد رکھیں جتنے کچن آپ کی بدولت چلیں گے اور جتنے لوگوں کے منہ میں آپ کی بدولت رزق جائے گا اتنا ہی آپ کا اپنا کچن اچھا چلے گا، اس کے علاوہ یہ آپ کے لیے صدقہ جاریہ بھی بنے گا۔ 

Monday, August 23, 2021

نہانے والا صابن بنا کر پیسے کیسے کمائیں؟حصہ دوم How to earn money from soap making? Part 2 Urdu

 نہانے والا صابن بنا کر پیسے کیسے کمائیں؟

حصہ دوم ۔۔۔صابن سازی کے پوشیدہ راز

نہانے والا صابن بنا کر پیسے کیسے کمائیں؟حصہ دوم
 نہانے والا صابن بنا کر پیسے کیسے کمائیں؟حصہ دوم 
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ و مغفرتہ!

دوستو! حضرت عبداللہ بن عمرورضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے نبی کریم حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وعلیٰ آلہ واصحابہ وسلم سے عرض کیا:اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وعلیٰ آلہ واصحابہ وسلم! کون سااسلام سب سے اچھا ہے؟آپ صلی اللہ علیہ وعلیٰ آلہ واصحابہ وسلم نے فرمایا: کھانا کھلانا، سلام کرنا،ہر شخص کو چاہے تم اس کو پہچانتے ہو یا نہیں پہچانتے۔

                   (سنن ابو دائود:5194، سنن نسائی:5003، سنن ابن ماجہ:3255، مشکوٰۃ المصابیح:(4528

پیارے دوستو! ہم ہرکسی کو کھانا تو نہیں کھلا سکتے لیکن ایسے کام ضرور کرسکتے ہیں جن کی بدولت ہر کوئی آسانی سے نہ صرف خود کھانا(نہایت اچھاکھانا) حاصل کر سکے بلکہ دوسروںکوبھی کھانا مہیا کرسکے۔یہ پوسٹ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس سے خود بھی فائدہ اٹھائیں اوردوسروں کو فائد ہ پہنچائیں۔

1۔کھار اور چکنائی کو مناسب مقدار میں ملانے کے بعد جو چیز بنتی ہے اس کو’’ صابن ‘‘کہتے ہیں۔ کھار سوڈا کاسٹک ، کاسٹک پوٹاش ، چونا، سجی وغیرہ۔

2۔یہ دو قسم کا ہوتاہے۔کپڑے دھونے کا جس کو دیسی صابن اور منہ ہاتھ دھونے کے کام میں جو مستعمل ہے، اس کو انگریزی میں ’’صابن ‘‘کہتے ہیں۔

3۔ یہ دوطریقوں سے تیار کیاجاتا ہے:1۔ سرد طریقہ بغیر بھٹی والا      2۔ گرم طریقہ بھٹی والا۔

4۔اگر سوڈا کاسٹک کو پانی میں حل کیا جائے تو اس کو’’ لائی‘‘ کہتے ہیں۔ صابن میں لائی کی مقدار زیادہ ہو جائے تو صابن سخت اور خراب تیار ہو تا ہے اور صابن کی سطح پر سفیدی نمودار ہوجاتی ہے۔ اس کے علاوہ صابن کی شکل بدنما ہو جاتی ہے۔ اس کے ذریعے کپڑے دھونے سے ہاتھوں پر زخم آ جاتے ہیں۔

5۔اگر سوڈا کاسٹک کی مقدار کم ہوجائے تو صابن نرم تیارہونے کے ساتھ ساتھ بہت جلد قلیل عرصہ میں رنگ بدل لیتا ہے۔ اس کے علاوہ صابن کی ٹکیہ میں بدبو پیدا ہوجاتی ہے۔

6۔صابن کی تیاری میں مختلف قسم کے تیل، چربی، کھار، سوپ اسٹون پوڈر، نمک، سوڈا سلی کیٹ، پانی ، زنک، خوشبو ، میدہ ( میدہ ملانا قانوناً منع ہے) اس کے بجائے گرٹ پوڈر وغیرہ شامل کیے جاتے ہیں)،سوڈا کاربونیٹ( دھوبی سوڈا یا واشنگ سوڈا) موم ، گلیسرین، بیروزہ ، چینی دانہ دار ریکٹی فائیڈسپرٹ وغیرہ عام طورپر استعمال کیے جاتے ہیں۔

7۔سوڈا کاسٹک ڈلیوں والا اوردوسرا فلیک ( چھوٹے چھوٹے چھلکے والا) جس کے درجے یہ ہیں۔ ڈلیوں والاسوڈا کاسٹک 70یا72ڈگری، پرت دار‘90یا98 ڈگری، سوڈا کاسٹک کی لائی صابن کی جان ہے۔ اس کے بغیر صابن آسانی کے ساتھ تیار نہیں ہوسکتا۔سجی اور چونے کی لائی( نیزی) سے بھی بنایاجاتا ہے۔ مگر بے سود ،خود دیسی طریقہ سے بھی سوڈا کاسٹک تیار کیاجاسکتا ہے۔ تیار شدہ کاسٹک کی لائی سے بہترین قسم کے صابن تیار کیے جاسکتے ہیں۔

8۔اگر سوڈا لائی جسم پر لگے تو جلن شروع ہوجا تی ہے۔ ایسی جگہ تیل لگا دیں فوراً آرام آجائے گا۔ صابن تیار کرتے وقت آنکھوں کو بچانے کے لیے عینک کااستعمال ضروری ہے تاکہ غلطی سے چھینٹے آنکھ میں نہ پڑجائیں۔صاف پانی سے دھوکر تیل لگانے پر کاسٹک سے متاثرہ جلد کی جلن فوراً دور ہو جائے گی۔

9۔گھٹیا صابن میں ملاوٹ کی جاتی ہے۔ میدہ یا گرٹ پوڈر کی مقدار زیادہ ہوتو صابن بدشکل ہونے کے ساتھ ساتھ میل کاٹنے کی خاصیت کو کم کرتاہے۔ پانی جذب کرنے کی خاصیت تو رہتی ہے مگر جھاگ بہت کم پیدا کرتا ہے۔ انگریزی صابن میں ہرگز استعمال نہ کیاجائے۔ دیسی صابن میں اس کے زیادہ استعمال کے ساتھ پانی اورسوڈا کاسٹک کی مقدار زیادہ کرنی لازمی ہے۔ زیادہ سے زیادہ تیلوں کے وزن کا25 فیصدی حصہ شامل کیاجاسکتا ہے۔ بہت گھٹیا صابن میں تیل کے وزن کے برابر استعمال کرتے ہیں۔ تیلوں میں پہلے ملا کر یک جان کرنے کے بعد لائی ملائی جاتی ہے۔یہ سرد طریقہ میں مفید ہے۔

10۔دودھ پتھری( سوپ اسٹون پوڈر)کے ملانے سے صابن سخت اور وزنی تیارہوتاہے۔ میل کم کا ٹتا ہے۔ تیلوں میں 5فی صد تک ملایا جاسکتا ہے۔ اگر اس مقدار میں ملایاجائے تو صابن ملائم اور خوبصورت تیارہوتاہے۔ زیادر مقدار تیلوں کے وزن کے برابر یا زیادہ ملانے سے صابن برائے نام صابن رہتاہے یعنی بالکل ناکارہ۔

Snack Video ایپ سے پیسے کیسے کمائیں؟ اس پوسٹ کو پڑھنے کے لیے دیے گئے لنک پر کلک کریں:

https://amizonetheworldofknowledge.blogspot.com/2021/06/how-to-earn-money-from-snack-video-app.html

11۔نمک کو گرم پانی میں حل کرکے صابن میں ملانا مناسب ہے۔ پانی جذب کرنے کی خاصیت رکھتا ہے۔ کپڑے کی میل کاٹنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے ملے ہوئے صابن سے موسم برسات میں پانی نکلنا شروع ہوجاتا ہے۔ زیادہ مقدار صابن کو خراب کرتی ہے اور سفیدی کی صورت میں باہر آ جاتا ہے۔ قریب اپنے برابر کے وزن کے پانی کو صابن میں جماتا ہے جس کی وجہ سے مال سستا تیارہوتاہے۔ زیادہ سے زیادہ تیلوں کے وزن سے 5فی صد تک استعمال کیاجاسکتاہے۔ زیادہ ملانا فضول ہے۔ زیادہ ملے ہوئے صابن میں میل کاٹنے کی خاصیت کم ہوتی ہے۔ اس کو عموماً برابر کے وزن کے گرم پانی میں حل کرنے کے بعد لائی میں ملا کر صابن تیار کرنادرست ہے۔ ہمیشہ لائی ٹھنڈی استعمال کرنا لازمی ہے۔

12۔دھوبی سوڈا کی خاصیت بھی وہی ہے جو نمک کی ہے۔ یہ بھی صابن کے اوپر پھوٹ جاتاہے۔

13۔سوڈا سلی کیٹ شہد کی طرح گاڑھا، شیشہ کی طرح سفید ہوتاہے۔ اپنے اندر پانی جذب کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔اسے  شامل کرنے سے پیشتر اس کو دو یا تین سیر گرم پانی میں حل کرنے کے بعد صابن میں ڈالنا مناسب ہے۔ یہ بھی اپنے برابر کا پانی جذب کرتا ہے۔ میل کاٹنے میں مدد دیتا ہے۔ بڑھیا صابن میں زیادہ سے زیادہ تیلوں کا دس فی صد حصہ شامل کرسکتے ہیں۔ زیادہ مقدار میں شامل کرنے پر صابن نرم تیارہوتاہے اور سفیدی باہر آنے کے علاوہ بہت جلد خشک ہو جاتا ہے ۔ صابن کو وزن داراور ٹیڑھا کرتا ہے جس سے صابن بدنماہوجاتا ہے۔ عام چالو صابن میں اس کی مقدار فی من 20سیر ہوتی ہے۔ گھٹیا میں تیل سے دوگنی اور تین حصہ زیادہ۔۔۔ یہ زیادہ تر گرم طریقے سے تیار کیاجاتاہے۔

14۔پانی ہمیشہ پاک و صاف استعمال کرنا ضروری ہے ۔ پانی گدلا ہونے پر صابن ناقص تیارہوگا۔

15۔موم کا استعمال5 فی صد ی تک کیا جائے تو صابن میں چمک پیدا ہونے کے علاوہ گھستا کم ہے۔ موم بتی تیار کرنے کا موم بہتر ہے۔

16۔بیروزہ خشک تیلوں کے 10فی صدی تک استعمال میں لایاجانا مناسب ہے۔یہ میل کاٹتا اور صابن کو چمکدار بناتا ہے۔ اسے برابر کے تیل میں پگھلانے کے بعد شامل کیاجانا مناسب ہے۔

17۔چربی سے بنا ہوا صابن چمکدار ہونے کے ساتھ جھاگ بھی عمدہ دیتا ہے اور کم گھستا ہے۔ یہ میل کاٹتا ہے۔اس طرح کا صابن سخت معلوم ہوتاہے۔ تیلوں میں ملا کر صابن بنانااچھا ہے ۔ انگریزی صابن تیارکرنے میں زیادہ استعمال ہوتا ہے۔

18۔نباتاتی تیل جوصابن سازی میں عام طورپراستعمال کیے جاتے ہیں:تیل مہوا، تیل ناریل، تیل مونگ پھلی، تیل تل، تیل السی، تیل ارنڈی، تیل سرسوں، تیل توریہ، تیل بنولہ وغیرہ ہیں۔ سب سے عمدہ تیل ناریل کا تیل ہے۔ اس کے بعد تیل مہوا ہے جواپنے اندر پانی کی مقدار کو تین سے چار گنا جذب کرنے کی خاصیت رکھتا ہے۔ تیل مہواسے صابن سخت اور سفیدی مائل تیار ہوتاہے۔ میل کاٹتا ہے، جھاگ کم دیتا ہے۔ اگراس کے ساتھ تیل کا ½ حصہ ناریل کا تیل ملایاجائے تو جھاگ عمدہ دیتا ہے۔

لائیکی Likeeایپ میں زیادہ لائکس کیسے حاصل کریں؟ اس پوسٹ کو پڑھنے کے لیے دیے گئے لنک پر کلک کریں:

https://amizonetheworldofknowledge.blogspot.com/2021/06/how-do-i-get-more-likes-in-likee-app.html

 انگریزی صابن زیادہ ترتیل ناریل سے تیار ہوتے ہیں۔ پانی تقریباً چارگنا جذب کرتا ہے۔ جھاگ بہترین دیتا ہے مگر میل کاٹنے میںسرف کے برابر ہے۔ دیگر تیلوں کے ساتھ ملا کر بنایا ہوا صابن جھاگ دار عمدہ ہوتاہے۔

ہر ایک مفرد تیل سے مختلف قسم کے صابن تیارہوتے ہیں۔ مثلاً کسی تیل کے صابن میں جھاگ زیادہ ہوتی ہے کسی میں کم۔ کوئی پانی میں کم گھستا ہے کوئی زیادہ۔ اس  لیے ایک تیل سے صابن تیار کرنے کے بجائے مختلف قسم کے تیلوں کے مجموعے سے صابن تیار کرنا بہتر ہے جس میں تمام قسم کی خاصیتیں موجود ہوں۔ مٹی کے تیل کے علاوہ تمام تیلوں سے صابن تیار کیاجاسکتا ہے۔

19۔تیل ناریل سے تیار شدہ صابن جھاگ دار تو بنتا ہے مگر جلد گھستا ہے۔ برخلاف اس کے تیل مہوا سے تیار کردہ صابن کم گھستا ہے اور میل خوب کاٹتا ہے۔ جھاگ کم دیتا ہے اور پانی بھی بہ نسبت تیل ناریل کے کم جذب کرتا ہے۔ اسی طرح تیل بنولہ ،کڑواتیل وغیرہ ہیں۔

تیل ناریل کے  لیے اگر تیل12سیر( کلو) ہوتو کاسٹک سوڈا دوسیر(کلو )درکار ہے۔ تیل بنولہ ،مہوا  وغیرہ کے لیے 12سیر تیل کے بجائے14 سیر تیل اور دو سیر کا سٹک سوڈا ہوگا۔ چربی15 سیر کے لیے 2سیر کاسٹک سوڈا کی ضرورت ہوگی۔

20۔اگر کسی فارمولے میں سوپ اسٹون اور سلی کیٹ دونوں ہوں تو یہ قوام جلد گاڑھا ہوتا ہے۔ بغیر سوپ اسٹون والا کچھ دیر تیل اور لائی وغیرہ کو پکانے کے بعد گاڑھا ہوتاہے۔ سلی کیٹ ہمیشہ صابن کا قوام گاڑھا ہونے پر شامل کیاجاتا ہے۔ زیادہ سخت قوام اگر ہوتو حل نہیں ہوسکتا۔ سلی کیٹ ملانے کے چند منٹ بعد آگ بند کر دینا لازمی ہے اور خوب گھوٹ کریک جان کرکے فریم میں بھردیں۔ اگرسوپ اسٹون شامل نہ ہوتو سلی کیٹ ملانے پر قوام پتلا ہوجاتاہے۔ تھوڑ ی دیر آگ پر پکا کر گاڑھا کرکے فریم میں بھرنا ضروری ہے۔

اگر تیل کی مقدار سے زیادہ سلی کیٹ شامل کرناہوتوپہلے سلی کیٹ اور لائی کو آگ پر تھوڑا پکا لیا جائے۔ بعد میںتیل بیروزہ وغیرہ اُبال آنے کے بعد شامل کرناہوگا اور خوب گھوٹ کریک جان کر کے یعنی ( صابن تیار ہونے کے بعد آگ بند کرکے تیل جو اوپر نتھرآئے خوب یک جان کرلیں اور فریم میں بھردیں) ۔ اگر اس میں سلی کیٹ کے وزن کا5 فی صدی سوپ اسٹون ملادیں تو بہتر ہے۔

21۔تیل سے دگنی مقدار سلی کیٹ کی شامل کرناہوتو لائی نمبر36تیل سے آدھی رہے۔ اگر دگنی مقدار سے زیادہ شامل کرناچاہیں تو جو سلی کیٹ زیادہ شامل ہوتاہے، اس کے تناسب سے فی سیر ایک چھٹانک لائی مذکور شامل کرنا ضروری ہے۔

22۔تیار کردہ صابن کی ٹکیہ کو سوپ اسٹون پوڈر میں ڈال کر باہر نکال لینے کے بعد فالتو پوڈر جھاڑ دینے سے صابن کی ٹکیہ چمک دار اور ملائم دکھائی دیتی ہے۔

23۔صابن میں شامل کرنے کے لیے سوپ کلر اور سوپ پر فیوم علیحدہ ہوتی ہے۔ عام رنگ کام نہیں دیتا۔

لائئکی Likeeایپ پر فالورز کیسے بڑھائیں؟ اس پوسٹ کو پڑھنے کے لیے دیے گئے لنک پر کلک کریں:

https://amizonetheworldofknowledge.blogspot.com/2021/06/how-to-increase-followers-on-likee-urdu.html

24۔چربی کی جگہ پام آئیل بھی استعمال کیاجاسکتا ہے۔اس صورت میں سوڈا لائی کی کچھ مقدار زیادہ استعمال کرنا ضروری ہے۔ فرض کیجیے۔ چربی ،تیل ناریل، بیروزہ‘ تیل ارنڈ یعنی صرف تیل6 سیر ہے تو اس میں سوڈالائی کا آدھا حصہ ہوگا۔ یعنی لائی نمبر36 دس سیر چربی کے بجائے پام آئیل ہوتو آدھا سیر زیادہ لائی ملانا ضروری ہے۔

25۔صابن بنانے میں صرف ٹن یا لوہے کے برتن استعمال کریں۔ دیگر کسی قسم کی دھات کے برتن استعمال کرنامناسب نہیں ۔                                                                                                                              (جاری ہے)

درد مندانہ اپیل

پیارے دوستو!کوویڈ19،کمر توڑ مہنگائی ، بے روزگاری اور دیگر معاشی پریشانیوں کی وجہ سے ہر کوئی پریشان حال ہے۔ آپ خود بھی اس پوسٹ میں فراہم کی گئی معلومات سے استفادہ حاصل کریں اوراس پوسٹ کو Facebook, WhatsApp, Twitter, LinkedIn, Instagram, Telegram, Messenger, imoوغیرہ پر شیئرکر کے دوسرے دکھی و پریشان حال انسانو ں کی بھی مدد کریں ۔ یاد رکھیں جتنے کچن آپ کی بدولت چلیں گے اور جتنے لوگوں کے منہ میں آپ کی بدولت رزق جائے گا اتنا ہی آپ کا اپنا کچن اچھا چلے گا، اس کے علاوہ یہ آپ کے لیے صدقہ جاریہ بھی بنے گا۔

Lionbridge App | New Earning App Today | Online Earning App

Lionbridge App | New Earning App Today | Online Earning App Lionbridge App | New Earning App Today | Online Earning App Dear Readers! If you...